ایک فٹبال میچ، تین گول، اور تینوں ہی میسی نے کیے۔یوں ارجنٹینا کو فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں الجزائر کے خلاف فتح تو ملی ہی لیکن لیونل میسی نے ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر ایک بحث نے بھی جنم لے لیا۔
میسی عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے جرمنی کے کھلاڑی میروسلاو کلوزہ کے برابر آ گئے ہیں۔یہ لیونل میسی کا اپنے ملک کے لیے 200 واں میچ تھا، جس میں ہیٹ ٹرک کر کے انھوں نے ورلڈ کپ فائنلز میں اپنے گولز کی تعداد 16 تک پہنچا دی۔تین بار کے عالمی چیمپیئن ارجنٹینا کو فتح کے لیے بھرپور محنت کرنا پڑی کیونکہ وہ عالمی کپ کا دفاع کامیابی سے کرنے والی ٹیم بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔گذشتہ فیفا ورلڈ کپ ارجنٹینا نے جیتا تھا اور اس بار یہ پہلا موقع ہے کہ دفاعی چیمپیئن کے طور پر ارجنٹینا نے افتتاحی میچ میں فتح حاصل کی ہو۔امریکہ کے کنساس سٹی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یہ کامیابی بڑی حد تک میسی کی بہترین کارکردگی کی مرہونِ منت تھی، جنھوں نے 17 ویں منٹ میں پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔





